Khwab mein Panchaki dekhnay ki tabeer
خواب میں پن چکی (آسیاب) دیکھنے کی تعبیر
حضرت دانیال علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ پن چکی پر غلہ پسواتاہے تو اس کی دلیل یہ ہے کہ پن چکی کے مالک سے اس کو بہت فائدہ پہنچے گا اور اگر خواب میں دیکھے کہ پن چکی کاپتھر ٹوٹ کر بے کارہوگیا ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ پن چکی کا مالک مرے گا اور اگر دیکھے کہ پن چکی کے پتھر کو شگاف آگیاہے اور اس میں خلل ظاہر ہوا ہے ، تو اس امر کی دلیل ہے کہ پن چکی کے مالک کی عیش میں خلل واقع ہوگااور اگر دیکھے کہ پن چکی کے پتھر کو کسی نے چرالیا ہے تو دلیل ہے کہ پن چکی والے کو نقصان ہوگا۔
حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا کہ پن چکی کا خواب میں دیکھنا جنگ اور خصومت پر دلیل ہے اور اگر اپنے آپ کو پن چکی کے اندر دیکھے تو دلیل ہے کہ اس کا کسی کے ساتھ جھگڑا ہوگا اور اگر جانے کہ چکی اس کی ملک ہے تو کام سہل ہوگا اور اگر پن چکی میں غلہ نہیں ہے اور دیکھاہے کہ کس طرح پھرتی ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ سفر کو جائے گا اور اگر دیکھے کہ پن چکی کاپاٹ تانبے یا پیتل یا لوہے کا ہے۔ یہ سب جنگ اور کارزار کی دلیل ہے اور اگر دیکھے کہ پاٹ کا نچ کا ہے تو دلیل ہے کہ اس کاعورتوں کے ساتھ جھگڑا پڑے گا ار اگر خواب میں دیکھے کہ پن چکی بجائے غلہ کے پتھر یا لوہے کو پیستی ہے تو دلیل ہے کہ اس کے ساتھ کسی کی جنگ اور جھگڑاہوگا ، لیکن اگر دیکھے کہ پن چکی اپنے ہاتھ سے پھیرتا ہے تو دلیل ہے کہ اس کاشریک سخت دل ہوگا اور اس کی وجہ سے کام میں انتظار نہ ہوگا۔
حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ پن چکی کاخواب میں دیکھنا پانچ وجہ پر ہے۔
- بادشاہ
- رئیس
- مالداری
- جلد یا دیر سے مرے گا
- بادشاہ کا خوان سالار(مہتمم باورچی خانہ) ہوگا۔
اور چکی کی جگہ دیکھنا ، جگہ کا رئیس و بزرگ ہوناہے ،اور اگر چکی کو خراب پھرتے دیکھے تو دلیل ہے کہ جو چیز چکی میں ہے خراب ہوگی۔