Khwab mein Machar dekhnay ki tabeer
خواب میں مچھر (پشہ) دیکھنے کی تعبیر
حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ مچھر کو خواب میں دیکھنا ایک ذلیل اور نکما آدمی ہے کہ تھوڑا اور ذلیل کام کرتاہے۔
اور اگر خواب میں دیکھے کہ مچھر سے جنگ کرتاہے تو دلیل ہے کہ کمزور آدمی سے جھگڑا اور تنازعہ کرے گا۔
اور اگر دیکھے کہ مچھر کو نگل گیاہے تو اس سے اس امر کی دلیل ہے کہ ذلیل کام میں مشغول ہوگا اور اس سے اس کو تھوڑی چیز ملے گی۔
اور اگرخواب میں دیکھے کہ بہت سے مچھر اس کے جسم پر جمع ہو کر کاٹتے ہیں تو دلیل ہے کہ عام لوگوں کی زبان پر چڑھے گا اور ان سے نقصان ہوگا۔ بلکہ اس کو ضرر اور سخت نقصان پہنچے گا۔ کیونکہ مچھر آدمی کا خون چوستا ہے۔
اور اگر خواب میں دیکھے کہ مچھر اس کے کان یا ناک میں گھس گیا ہے اور اس سے اس نے تکلیف پائی ہے تو اس سے یہ دلیل ہے کہ اس کو کسی کمزور آدمی سے رنج اور دکھ ضرور پہنچے گا۔
حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ بہت سے مچھر اس کے گھر میں آئے ہیں تو دلیل ہے کہ اس کو غم و اندوہ حاصل ہوگا۔ اور اگر دیکھے کہ مچھروں نے غلبہ کیاہے اور اس کے گھر میں جمع ہوئے ہیں تو دلیل ہے کہ کسی کمزور دشمن پر فتح پائے گا۔
اور اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ مچھر اس کی ناک میں گھس گیا ہے اور باہر نہیں نکلا ہے تو دلیل ہے کہ محنت اور بلا میں گرفتار ہوگا۔