Khwab mein Anghothi dekhnay ki tabeer
خواب میں انگوٹھی(انگشتری) دیکھنے کی تعبیر
حضرت دانیال علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ کوئی شخص خواب میں انگوٹھی کی صفت اور نقش دیکھے تو دلیل ہے کہ اس کو اس کے آقا سے خیر اور نیکی پہنچے گی اور اگر دیکھے کہ اس کو کسی نے انگوٹھی مہر کرنے کے لیے دی ہے تو دلیل ہے کہ جو کچھ اس کے لائق ہے بہت پائے گا۔ یعنی انگوٹھی کی قدر و قیمت کے مطابق اگر بادشاہ کے لائق ہے تو بادشاہ ہوگا ۔ ورنہ مال و دولت پائے گا اور اگر دیکھے کہ مسجد میں نماز یا جہاد میں کسی نے اس کو انگوٹھی دی ہے تو دلیل ہے کہ وہ شخص عابداور زاہد ہوگا۔ اگر سوداگر ہے تو تجارت میں نفع پائے گا ۔ وعلی ہذالقیاس ۔
اور اگر دیکھے کہ اس کو بادشاہ نے انگوٹھی دی ہے تو دلیل ہے کہ اس کو ملک میں بادشاہ کچھ دے گا یا بادشاہ کے ملک میں اس کو یا اس کے خویشوں کو برائی پہنچے گی۔
حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر خواب میں دیکھے کہ اس کی انگوٹھی ضائع ہوئی یا کوئی چراکر لے گیا ہے تو دلیل ہے کہ اس کے کاموں میں آفت یا دشواری ظاہر ہوگی اور اگر دیکھے کہ انگوٹھی ٹوٹی اور اس کانگینہ رہا تو دلیل ہے کہ اس کی بزرگی بہتر ہوگی اور اس کی آبرو اور وقار قائم رہے گا اور اگر دیکھے کہ اس نے اپنی انگوٹھی کسی کو بخشی ہے تو دلیل ہے کہ اپنی ملک میں سے کچھ کسی کو بخشے گا اور اگر دیکھے کہ اپنی انگوٹھی فروخت کی اور اس کی قیمت لی ہے تو دلیل ہے کہ جوکچھ اس کے پاس ہے فروخت کرے گا اور اگر قیمت نہیں لی ہے تو کچھ حصہ جائیداد کا فروخت کرے گا۔
حضرت کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر خواب میں دیکھاہے کہ اس انگوٹھی کی ساخت ناپسندیدہ ہے تو دلیل ہے کہ اس کے مال کو کچھ ہوگا اور بادشاہ اس پر غصہ کرے گا اور چاندی کی انگوٹھی دیکھے گا تو دلیل ہے کہ اس کا مال حلال کا ہے ،اور اگر سونے کی انگوٹھی دیکھے تو دلیل ہے کہ اس کا مال مکروہ اور حرام ہے اور اگر آہن کی انگوٹھی دیکھے تو جو کچھ اس کے پاس ہے تھوڑا اور ذلیل ہے ، اور اگر انگوٹھی سات دھات یا سپید قلعی کی دیکھی تو مال کے تھوڑاہونے کی دلیل ہے ،اور اگر خواب میں دیکھے کہ اس کی انگوٹھی زیور کی ہے تو اس خواب کی تعبیر سب سے بری ہے۔
حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ اس کی انگوٹھی لوہے کی ہے تو دلیل ہے کہ قوت اور توانائی پائے گا، اور اگر تانبے یا سیسہ کی ہے تو دلیل ہے کہ بے اصل لوگوں سے فائدہ اٹھائے گا اور اگر بلور یا کرسٹل کی انگوٹھی دیکھے تو دلیل ہے کہ عام لوگوں سے اس کو کچھ ملے گا اور اگر چاندی کی انگوٹھی دیکھے تو اس کو کہیں سے کچھ ملے گا اور اگر دیکھے کہ اس نے اپنی انگوٹھی کسی کے پاس امانت رکھی ہے یا بخش دی ہے اور اس نے بھی اس کو انگوٹھی واپس دی ہے تو دلیل ہے کہ نکاح کے لیے عورت چاہے گا اور وہ قبول نہ کرے گی اور نہ ہی اس کو دیں گے ، اور اگر دیکھے کہ اس نے اپنی انگوٹھی توڑی ہے تو دلیل ہے کہ اس کے عیال میں جدائی پڑے گی۔
اور اگر دیکھے کہ اس کی انگوٹھی کے دو نگینے ہیں جو اس کو کسی نے دی ہے اور دونوں نگ ایک دوسرے کے مطابق ہیں تو اس امر کی دلیل ہے کہ صاحب خواب غلام زادہ ہے۔ اور اگر دیکھے کہ ان دونگوں میں سے ایک گر گیاہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ دوگناہوں میں سے ایک سے توبہ کی ۔
اور اگر دیکھے کہ لکھے ہوئے خط پر اپنی انگوٹھی سے مہر لگائی ہے تو دلیل ہے کہ کوئی پوشیدہ چیز اس کو ملے گی اور اگر دیکھے کہ کھلے خط پر مہر لگائی ہے تو دلیل ہے کہ کوئی ظاہری چیز اس کو ملے گی
حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ خواب میں چاندی کی انگوٹھی کو دیکھناچار درجہ پر ہے۔
- سلطنت
- عورت
- فرزند
- مال و دولت اورسونے کی انگشتری نیک ہے
ا ور اگر عورت دیکھے کہ انگوٹھی سمیت ضائع ہوگئی ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس کامرتبہ اور عزت گرے گی یا اس کابچہ مرے گا یا مال ضائع ہوگا اور اگر حاکم ہے تو معزول ہوگا۔ اگر عورت ایسا خواب دیکھے تو اس کاخاوند یا فرزند مرے گا۔