Tabeer ur Royaتعبیر الرویا

Khwab mein Aag dekhnay ki tabeer

خواب میں آگ (آتش) دیکھنے کی تعبیر

حضرت دانیال علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ اگر خواب میں آگ بغیر دھوئیں کے دیکھے تو دلیل ہے کہ بادشاہ کے قریب ہوگااور اس کے بستہ کام پورے ہوں گے اور اگر دیکھے کہ اس کو کسی نے آگ میں گرا کر جلادیاہے تو دلیل ہے کہ بادشاہ اس پر ظلم کرے گا لیکن جلد ی خلاصی پائے گا اور بشارت اور نیکی پائے گا۔ چنانچہ فرمان حق تعالیٰ ہے :

قُلْنَا یٰنَارُکُوْنِیْ بَرْدًا وَّ سَلٰمًا عَلٰٓی اِبْرٰھِیْمَ

”ہم نے حکم دیا کہ اے آگ سرد ہوجا اور ابراہیم علیہ السلام پر سلامتی ہوجا۔ ‘‘

اگر خواب میں دیکھے کہ آگ نے اس کو جلایا نہیں ہے تو دلیل ہے کہ کراہت ،کے ساتھ سفر کرے گا اور آگ کو بھڑکتا ہوا دیکھکے تو دلیل ہے کہ تپ سے بیمار ہوگا اور اگر دیکھے کہ آگ نے اس کا جسم جلادیا ہے ، دلیل ہے کہ جلن کے مطابق اس کو رنج و نقصان پہنچے گا اور اگر کوئی دیکھے کہ اس کے گھر میں آگ لگی پڑی ہے اور اس کے سارے جسم کو جلادیاہے اور بھڑکتی ہے اور اس کے دل میں اس سے خوف اور دہشت نہیں آئی تو دلیل ہے کہ اس کو محنت اور مصیبت کے سبب بیماری اور ضعف آئے گا جیسے سردی ،طاعون ،آبلہ اور سرخہ وغیرہ ، اور اگر دیکھے کہ آگ کو پکڑ لیا ہے تو دلیل ہے کہ اسی قدر بادشاہ سے مال حرام ملے گا ۔ اگر دیکھے کہ آگ دھوئیں دار ہے تو دلیل ہے کہ کوئی شخص اس کی غیبت کرتاہے۔

حضرت کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ آگ کے شعلے لوگوں پر ڈالتاہے تو دلیل ہے کہ لوگوں میں عداوت اور دشمنی ڈالے گا اور اگر سوداگر خواب میں دیکھے کہ اس کی دکان اور سامان کو آگ لگی ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس کا سامان برباد ہوگا یا ایک درہم کی چیزتین درہم کو فروخت کرے گا اور کسی پر شفقت نہ کرے گا۔

اگر دیکھے کہ کسی کے گھر میں آگ لگی ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ وہ آدمی جنگ اور فتنہ اور بادشاہ کے ظلم میں گرفتار ہوگا اور اگر دیکھے کہ آگ نے اس کاکپڑا جلاد یاہے تو دلیل ہے کہ اپنوں کے ساتھ لڑے گا اور مال کے سبب سے غمناک ہوگا۔ اگر کوئی بڑی آگ زمین پر دیکھے تو دلیل ہے کہ اس موضع پر جنگ اور فتنہ ہوگا اور اگر کوئی جلی ہوئی چیز دیکھے تو دلیل ہے کہ عورتوں کی وجہ سے کسی کے ساتھ لڑے گا۔ اگر دیکھے کی کسی شہر یا محل یا سرائے میں آگ لگی ہے اور سب کچھ جلادیا ہے اور آگ شعلہ مارتی ہے اور آواز خوفناک دیتی ہے تو دلیل ہے کہ اس جگہ میں کارز ار یا سخت بیماری پڑے گی۔

اگر دیکھے کہ آگ نے کچھ چیزیں جلا دی ہیں اور کچھ چھوڑ دی ہیں اور خوفناک آوز نہیں دیتی ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس موضع میں لڑائی ہوگی ، اور اگر شعلے روشن نہیں ہیں تو سخت بیمار پڑے گی اور اگر آگ کو دھوئیں کے ساتھ دیکھے تو دلیل ہے کہ اپنے کاموں میں ڈر اور دہشت دیکھے گا اور اگر دیکھے کہ آگ آسمان سے گری اور اس نے شہر یا محلہ یا سرائے کو جلادیا ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس شہر یا جگہ پر بلا اورفتنہ پڑے گا اور اگر دیکھے کہ خوفناک آواز تھی اور آگ شعلے مارتی تھی ، لیکن جس جگہ پڑی ہے شعلے نہیں مارے ہیں تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس جگہ کے زبانی جھگڑا اور فسادہوگا۔ اگر دیکھے کہ زمین کے نیچے سے خوفناک آگ نکلی ہے اور آسمان کی طرف گئی ہے تو دلیل ہے کہ اس جگہ لوگ خد تعالیٰ کے پیاروں کے ساتھ اس آگ کی طاقت کے مطابق جھوٹ اور بہتان کے ساتھ لڑائی لڑیں گے اور اگر دیکھے کہ آگ بے تحاشا ؎جگہ بہ جگہ جاتی ہے اور وہ آگ کچھ تکلیف نہیں دیتی ہے تو دلیل ہے کہ صاحب خواب فائدہ حاصل کرے گا اور اگر درویش ہے تو مالدار ہوگا۔

حضرت اشعث رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ آگ آسمان سے بارش کی طرح برستی ہے تو دلیل ہے کہ اس جگہ پر بادشاہوں کی طرف سے خونریزی اور بلاآئے گی اور اگر دیکھے کہ آسمان سے آگ آئی اور اس نے کھانے کی چیزوں کو جلادیا تو دلیل ہے کہ اس کی عبادت حق تعالیٰ کے نزدیک قبول ہوئی ہے۔ اگر دیکھے کہ بڑی آگ کے سرے پر بیٹھے ہوئے گرم ہو رہاتھا تو اس امر کی دلیل ہے کہ ایک بزرگ کے نزدیک ہوگا اور اگر دیکھے کہ کوئی چیز آگ پر پکار رہاتھا تو دلیل ہے کہ اس جگہ خزانہ ہوگا۔

حضرت جعفر صادق رحمۃاللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر خواب میں دیکھے کہ آگ کے ٹکڑے کھاتا ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ یتیموں کا مال کھاتا ہے۔ فرمان حق تعالیٰ ہے:

اِنَّ الَّذِيۡنَ يَاۡكُلُوۡنَ اَمۡوَالَ الۡيَتٰمٰى ظُلۡمًا اِنَّمَا يَاۡكُلُوۡنَ فِىۡ بُطُوۡنِهِمۡ نَارًا‌ ؕ وَسَيَـصۡلَوۡنَ سَعِيۡرا

”اور جو لوگ یتیموں کامال ظلم سے کھاتے ہیں وہ اپنے پیٹوں میں آگ کھاتے ہیں اور وہ جلدی دوزخ میں جائیں گے۔ ‘‘

اگر دیکھے کہ اس کے منہ سے آگ نکلتی ہے تو اس امر کی دلیل ہے کہ جھوٹی بات اور بہتان لگاتا ہے اور اگر دیکھے کہ ہر جگہ آگ جلتی ہے تو دلیل ہے کہ رعیت اور بادشاہوں کے لوگوں میں ایلچی کاکام کرے گا اور اگر دیکھے کہ اس کے پہلو میں آگ روشن ہے اور کوئی نقصان نہیں کرتی ہے تو دلیل ہے کہ اس کو نیکی پہنچے گی۔ فرمان حق تعالیٰ ہے:

اَفَرَءَيۡتُمُ النَّارَ الَّتِىۡ تُوۡرُوۡنَؕ(الواقعہ 71)

”کیاتم نے اس آگ کو دیکھا ہے کہ جس کو تم روشن کرتے ہو۔ ‘‘

اگر دیکھے کہ بڑی آگ لکڑیوں کو جلاتی ہے تو فتنہ اور جنگ پر دلیل ہے۔ فرمان حق تعالیٰ ہے

”جب وہ لڑائی کے لیے آگ بھڑکاتے ہیں ‘‘

اگر خواب میں دیکھے کہ آگ لوگوں کو جلاتی ہے تو دلیل ہے کہ اس کو دشمنوں پر فتح ہوگی اور اگر دیکھے کہ آگ نے اس کو جلادیا اور اس میں روشنی نہ تھی تو دلیل ہے کہ مرض سرسام سے بیمار ہوگا اور اگر اس میں نور دیکھے تو دلیل ہے کہ اس کے خویشوں اور فرزندوں میں سے کسی کے یہاں بچہ آئے گا کہ لوگ اس کی تعریف کریں گے اور اس نور آتش کے برابر بزرگی اور مال پائے گا اور اگر رزمگاہ میں آگ دیکھے تو یہ سخت بیماریوں کی دلیل ہے۔ جیسے آبلہ، سرطان ،سرسام مرگ ناگہانی وغیرہ۔ خدا نخواستہ۔

اگر آگ کو دھوئیں کے ساتھ دیکھے تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس کو بادشاہ سے ڈر اور خوف ہوگا اور اگر آگ کو بازار میں دیکھے تو یہ بازار والوں کی بے دینی کی دلیل ہے کہ بازار والے تجارت میں انصاف نہیں کرتے ہیں اور خریدی ہوئی چیزوں میں جھوٹ بولتے ہیں اور اگر کسی ملک آگ لگی ہوئی دیکھے تو دلیل ہے کہ وہاں کے لوگ بادشاہ کے ساتھ لڑتے ہیں اور اس سے رعایا پر ظلم ہوتاہے۔

اگر نہ معلوم مہینے میں آگ دیکھے تو بے دینی کی دلیل ہے اور اگر کسی کے کپڑوں کو آگ لگی ہوئی دیکھے تو دلیل ہے کہ اس پر مصیبت اور دہشت اور خوف پڑے گا، اور اگر اپنے آپ کو آگ پر کھڑا ہوادیکھے تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس کو رنج پہنچے گا۔

Baghair dhowain k aag dekhnay ki tabeer.

Aag k sholon ko logon pay dalnaey ki tabeer.

Aag k sholon ko logon pay dalnaey ki tabeer.

Aag ko dhowain k sath dekhnay ki tabeer.

Moun say aag niklnay ki tabeer.

Aag kay tukray khanay ki tabeer.

Aag ki barish dekhnay ki tabeer.

Ghar main aag lagnay ki tabeer.

Related Articles

Back to top button