Khwab mein Shutar Murgh dekhnay ki tabeer
خواب میں شتر مرغ دیکھنے کی تعبیر
حضرت ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ شتر مرغ خواب میں جنگلی مرد ہے اور شتر مادہ جنگلی عورت ہے اگردیکھے کہ اس نے شتر مرغ مادہ پکڑی یا اس کو کسی نے دی تو دلیل ہے کہ اسی صفت کی عورت کرے گا یا کنیز خریدے گا اور اگردیکھے کہ شتر مرغ پر بیٹھا ہے تو دلیل ہے کہ جنگل کا سفر کرے گا اور بعض اہل تعبیر نے بیان کیاہے کہ کسی جنگلی آدمی پر غالب آئے گا اور مراد کو پہنچے گا۔
حضرت کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص دیکھے کہ اس نے شتر مرغ کو مارا ہے تو دلیل ہے کہ جنگلی آدمی پر غالب آئے گا اور اس کو قابوکرے گا اور اگردیکھے کہ اس کے پاس شتر مرغ کا بچہ ہے تو دلیل ہے کہ مرد بیابانی کا فرزند ملے گا۔
حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی شخص خواب میں دیکھے کہ شتر مرغ پر بیٹھا ہے اور وہ اس کامطیع ہے اور اس کو ہوا میں لے گیا ہے اور پھر اسے زمین پر لے آیا ہے تو دلیل ہے کہ مر د بیابانی کے ساتھ سفر کرکے واپس آئے گا اور بہت سا نفع پائے گا اور اگر اس کے خلاف ہے تو پھر اس کی تاویل بری ہے۔