Khwab mein Pari dekhnay ki tabeer
خواب میں پری دیکھنے کی تعبیر
اہل تعبیر میں اختلاف ہے۔ بعض اس کو دشمن کہتے ہیں اور بعض کہتے ہیں کہ بخت اور فکروں میں کارروائی ہے۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا ہے کہ آنحضرت ﷺنے فرمایا ہے کہ خواب میں پری کا دیدار دولت اور بزرگی ہے اور اس کے ہاتھ میں ہاتھ دینا اور اس سے باتیں کرنا خوشی کی دلیل ہے۔
حضرت محمد بن سیرین رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ پری کا خواب میں دیکھنا خوش رو اور خوش اور خوبرو ہے۔ اور یہ دلیل ہے کہ عزت اور دولت پائے گا، اور اگر پری کو بد صورت اور غمگین دیکھے تو غم و اندوہ کی دلیل ہے اور اگر خوش روپری کو مردہ دیکھے تو اس کا کام شوریدہ ہوگا، اور اگر پری کے ساتھ جنگ کرے تو اس امر کی دلیل ہے کہ اس کا کام آشفتہ ہوگا۔
حضرت ابراہیم کرمانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ بعض پریاں مسلمان ہیں۔ خواب میں ان کا دیکھنا دوست اور بخت و دولت کا دیدار ہے اور وہ جو کافر ہیں ان کا خواب میں دیکھنا دشمن اور بد بختی اور غم کادیدار ہے۔
حضرت دانیال علیہ السلام نے فرمایا ہے کہ اگر کوئی خواب میں دیکھے کہ پریوں کے درمیان ہے تو دلیل ہے کہ سفر کو جائے گا اور وہ سفر مبارک ہوگا۔
اور اگر دیکھے کہ پری نے اس کی گردن پکڑی ہے اور لے گئی ہے تو عزت اور مرتبہ اور بزرگی کی دلیل ہے اور اگر دیکھے کہ پری نے اس کو گردن کے بل گرایا ہے تو اس کی دلیل ہے کہ مرتبہ اور بزرگی سے گر جائے گا۔
اور اگر دیکھے کہ پریاں مہربانی سے باتیں کرتی ہیں تو اس سے یہ دلیل ہے کہ اس کاکام نیک ہوگا۔
اور اگر پری کو اچھے اور عمدہ لباس میں دیکھے تو حال نیک ہوگا اور اگر برے لباس میں دیکھے تو بدحال ہوگا، اور اگر دیکھے کہ پری نے اس کو سونے یا چاندی وغیرہ کی چیز دی ہے تو دلیل ہے کہ دولت اور اقبال زیادہ ہوگا۔
حضرت جابر مغربی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ اگر پری کو بیماریا مردہ دیکھے تو بدحالی کی دلیل ہے اور اگر دیکھے کہ پریوں کے بادشاہ نے اس پر مہربانی کی ہے تو دلیل ہے کہ دولت پائے گا اور مقرب بادشاہ ہوگا، اور اگر دیکھے کہ پری نے اس کو اپنامکان بتایا ہے ۔ گاہے ظاہر ہوتی ہے اور گاہے چھپتی ہے تو دلیل ہے کہ عورت اس کے ساتھ خیانت اور مکر کرے گی، اور اگر دیکھے کہ پریوں کے گھر میں گیا ہے اور ان کو پہچانا ہے تو دلیل ہے کہ سفر کرے گا اور کئی شہر دیکھے گا۔
حضرت جعفر صادق رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ پری کا دیکھنا پانچ وجہ پر ہے۔
- عریز دوست
- بخت و دولت
- مراد کا پورا ہونا
- بزرگی و حشمت
- جھوٹی خبر اور بیہودہ کام ۔